
ٹیکسلا (سٹی رپورٹر سرعام نیوز محمد جمیل ساجن) تحریک منہاج القرآن ٹیکسلا کے زیرِ انتظام منعقد ہونے والے اجلاس میں تنظیمی، فلاحی اور تربیتی امور کے حوالے سے متعدد اہم فیصلہ جات کیے گئے۔ اجلاس کی صدارت تحصیل ایگزیکٹو نے کی، جبکہ مختلف نظامتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں پیش کی جانے والی ماہانہ رپورٹ کو تسلی بخش قرار دیا گیا اور مراکزِ علم کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ 5 دسمبر کو روحانی و تربیتی اجتماع اسلامک سینٹر نواب آباد میں منعقد ہوگا۔ مزید یہ کہ 6 تا 13 دسمبر معلمینِ مراکزِ علم کی آٹھ روزہ تربیتی ورکشاپ منہاج علماء کونسل کے زیرِ اہتمام سلمانیہ اسلامک سینٹر، نواب آباد واہ کینٹ میں ہوگی۔
اجلاس میں ایم ایس ایم کی جانب سے جرّار پروگرام کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ یہ پروگرام 4 دسمبر کو سرسید کالج کیمپس 10 کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوگا، جس میں پاکستان کے معروف شاعر انور مسعود خصوصی مہمان ہوں گے۔ اس پروگرام میں ٹیکسلا کے مختلف تعلیمی ادارے حصہ لیں گے اور متعدد مقابلہ جات کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں اردو و انگلش تقریری مقابلے، شاعری، پینٹنگ اور دیگر تخلیقی سرگرمیاں شامل ہیں۔ یہ فنون و ادب فیسٹیول ایم ایس ایم ٹیکسلا اور واہ کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوگا۔
فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے ناظم ویلفیئر نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ اس سال 16 اجتماعی شادیوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن کی تاریخ آئندہ ایک تا دو دن میں جاری کر دی جائے گی۔ شرکاء کو ہدایت کی گئی کہ اس اہم فلاحی منصوبے کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون یقینی بنایا جائے۔
اجلاس باہمی مشاورت اور دعائیہ کلمات کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
