
جہلم ۔ ڈپٹی کمشنر جہلم کی ریڑھی بانوں کو روزگار کے تحفظ کی یقین دہانی، نئے ریڑھی بازار کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا
اوزگن نے شہر کے ریڑھی بانوں کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کی اور ان کے کاروباری مسائل اور انتظامی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی۔ریڑھی بانوں نے ڈپٹی کمشنر کو شہر میں ریڑھیوں کی جگہوں کے لیے ہونے والی قرعہ اندازی اور مجوزہ ریڑھی بازار کی تقسیم کے حوالے سے درپیش شکایات اور تحفظات سے آگاہ کیا، اور خدشہ ظاہر کیا کہ انتظامی اقدامات سے ان کا روزگار متاثر ہو سکتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ریڑھی بانوں کے وفد سے بات کرتے ہوئے دو ٹوک یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح شہر میں نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ محنت کش طبقے کے روزگار کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا: "شہر میں نئے ریڑھی بازار کا قیام جلد ہی عمل میں لایا جائے گا، اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اس عمل کے دوران کسی بھی ریڑھی بان کا روزگار متاثر نہ ہو۔”انہوں نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریڑھی بازار کی قرعہ اندازی اور جگہوں کی تقسیم کا عمل مکمل طور پر شفاف ہونا چاہیے تاکہ کسی بھی حقدار کی حق تلفی نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے ریڑھی بانوں کو یقین دلایا کہ ان کی جائز شکایات کا فوری اور میرٹ پر ازالہ کیا جائے گا۔

