
خصوصی رپورٹ ملک حسان
جہلم: واسا کی نئی سکیموں کو جلد شروع کر کے شہریوں کے مسائل حل کریں گے، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واسا اتھارٹی کے افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ شہر میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واسا کی تمام نئی ترقیاتی سکیموں پر کام کا آغاز فوری طور پر کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل میں کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تعمیراتی مٹیریل کی کوالٹی کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام جاری اور نئی سکیموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنا لازمی ہے تاکہ ترقیاتی کاموں کے ثمرات بروقت عوام تک پہنچ سکیں اور کسی بھی منصوبے میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ میر رضا اوزگن نے واسا حکام کو ہدایات جاری کیں کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے نظام میں بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے افسران اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور تندہی سے سرانجام دیں تاکہ شہر کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
