جہلم: تھانہ سٹی پولیس کی بڑی کارروائی، پتنگ بازی میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

جہلم (نمائندہ خصوصی): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایت پر انسانی جانوں سے کھیلنے والے پتنگ بازوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ سٹی پولیس نے اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے پتنگ بازی کر کے شہریوں کی جان خطرے میں ڈالنے والے 04 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس ٹیم نے مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو قابو کیا جن کے قبضے سے مجموعی طور پر 29 عدد پتنگیں اور 04 عدد ڈوریں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی میں الگ الگ مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ فروشی، پتنگ بازی اور اس خونی کھیل کے ذریعے شہریوں کو نقصان پہنچانے والوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے اور ایسی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
