
—
سید کنول ضیاء نمائندہ خصوصی سر عام نیوز
واہ کینٹ — واہ مالاکنڈ اسٹاپ سے چند منٹ کی مسافت پر واقع واہ جنرل ہاسپٹل حکومتِ پنجاب کے زیرِ انتظام ایک مثالی سرکاری طبی ادارہ ہے، جہاں شہریوں کو معیاری، باعزت اور مکمل طور پر مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
تحصیل رپورٹر، سرعام نیوز: سید کنول ضیا کے مطابق ہاسپٹل میں داخل ہوتے ہی کشادہ اور منظم پارکنگ ایریا شہریوں کو خوشگوار تاثر دیتا ہے۔ پارکنگ میں موٹر سائیکل کی فیس 10 روپے جبکہ گاڑی کی فیس 20 روپے مقرر ہے۔ پارکنگ پر موجود خوش اخلاق عملہ مریضوں اور تیمارداروں کے ساتھ شائستہ رویہ اختیار کرتا ہے، جو آنے والوں کے لیے ذہنی سکون کا باعث بنتا ہے۔
او پی ڈی میں صفائی کا اعلیٰ معیار دیکھنے کو ملتا ہے۔ ٹوکن کے حصول کے لیے پانچ علیحدہ کاؤنٹر قائم ہیں، جہاں تربیت یافتہ اور خوش مزاج عملہ مریضوں کو عزت و احترام کے ساتھ ٹوکن فراہم کرتا ہے۔ ٹوکن لیتے ہی مریض کا تمام علاج بلا معاوضہ شروع ہو جاتا ہے۔
ہسپتال کے مختلف حصوں میں نصب ٹیلی ویژنز پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے آگاہی پیغامات نشر کیے جا رہے ہیں، جن میں واضح کیا گیا ہے کہ ہسپتال میں کسی بھی قسم کی دوائی یا علاج کے پیسے نہیں لیے جاتے۔ مزید یہ کہ اگر کوئی اہلکار بدسلوکی کرے یا غیر قانونی رقم طلب کرے تو شہری فوری طور پر 1033 پر مفت کال کے ذریعے شکایت درج کرا سکتے ہیں۔
واہ جنرل ہاسپٹل کے وارڈز صفائی، نظم و ضبط اور سہولیات کا عمدہ نمونہ ہیں۔ بستروں پر صاف چادریں، پرسکون ماحول اور مریض دوست انتظامات موجود ہیں۔ ڈاکٹرز اور طبی عملہ مریضوں کے ساتھ نہایت شفقت اور خلوص سے پیش آتا ہے، جس سے مریض خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔
سرعام نیوز کے نمائندے سید کنول ضیا نے ہاسپٹل میں موجود متعدد مریضوں سے گفتگو کی، جنہوں نے ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور انتظامیہ کے حسنِ سلوک اور بہترین سہولیات کو سراہا۔
ہسپتال کے احاطے میں ایک صاف ستھری کینٹین بھی موجود ہے، جہاں مریضوں اور تیمارداروں کے لیے معیاری کھانے اور چائے مناسب نرخوں پر دستیاب ہیں۔
واہ جنرل ہاسپٹل بلاشبہ حکومتِ پنجاب کی عوام دوست صحت پالیسیوں کا عملی ثبوت ہے، جو عام شہریوں کو باعزت، معیاری اور مفت علاج کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔
—
