ٹیکسلا میں 7ویں آل پاکستان کنگفو ہنگار چیمپئن شپ بھرپور انداز میں منعقد

ٹیکسلا (بیورو چیف طاہر محمود سر عام نیوز)
27 اور 28 دسمبر 2025 کو تاریخی شہر ٹیکسلا میں پاکستان کنگفو ہنگار فیڈریشن کی شاندار چیمپئن شپ منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر سے مرد، خواتین اور بچوں نے بھرپور شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔
چیمپئن شپ میں اعزازی مہمان کے طور پر جناب راجہ رب نواز گجر خانی اور ان کے فرزند جناب راجہ رمیز گجر خانی بھی موجود رہے، جنہوں نے مقابلوں کا مشاہدہ کیا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد میں پنجاب چیف نوید انجم اور پاکستان چیف جنرل سیکرٹری علی خان جدون نے کلیدی کردار ادا کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان کنگفو ہنگار فیڈریشن جناب شہزاد عزیز نے شاندار چیمپئن شپ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی، جبکہ تمام آفیشلز نے مارشل آرٹس کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔
منتظمین کے مطابق ہر بار کی طرح اس بار بھی یہ چیمپئن شپ اپنی مدد آپ کے تحت منعقد کی گئی، جبکہ حکومتی اور سیاسی شخصیات کی جانب سے عملی تعاون نہ مل سکا، اس کے باوجود ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
چیمپئن شپ کے دوران ٹیکسلا بیورو چیف طاہر محمود نے بطور سرکٹ اپنی ذمہ داریاں نہایت احسن انداز میں انجام دیں، جبکہ جنرل سیکرٹری ویمن وِنگ شہزادی نذیر نے نظم و ضبط، انصاف اور انتظامی امور میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے اپنے فرائض خوش اسلوبی سے سرانجام دیے۔
—
لیڈیز پروموشن کَیبَر
پاکستان کنگفو ہنگار فیڈریشن خواتین کھلاڑیوں کے فروغ اور بااختیار بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ 7ویں آل پاکستان کنگفو ہنگار چیمپئن شپ میں لیڈیز کیٹیگری کو خصوصی اہمیت دی گئی، جہاں خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔
اس سلسلے میں جنرل سیکرٹری ویمن وِنگ شہزادی نذیر نے خواتین کے مقابلوں کی نگرانی کی اور انہیں کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھانے کے لیے فعال کردار ادا کیا۔ منتظمین کے مطابق خواتین کو کھیلوں کے میدان میں آگے لانا فیڈریشن کی اولین ترجیح اور مستقل مشن ہے۔
—
بچوں اور نوجوان کھلاڑیوں کی شرکت
چیمپئن شپ میں مختلف عمر کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جس میں لڑکے، لڑکیاں اور چھوٹے بچوں نے بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ بچوں اور نوجوان کھلاڑیوں کے مقابلے حاضرین کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے اور ان کی شاندار کارکردگی نے سب کو محظوظ کیا۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ اس طرح کے کھیلوں کے مقابلے نوجوان نسل کے لیے مثبت راستہ فراہم کرتے ہیں اور پاکستان میں مارشل آرٹس کے فروغ کے ساتھ ساتھ قومی ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
—
