
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء، رکن قومی اسمبلی اور گوجرہ کے معروف سیاستدان اسامہ حمزہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی غلط اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے بری طرح ناکام ہو چکی ہے، آئے روز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اور غریب و متوسط طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے ٹیلیفونک کے ذریعے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اسامہ حمزہ نے کہا کہ بجلی، گیس، پٹرول اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے جبکہ حکمرانوں کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، عوام اب حکومتی جھوٹے وعدوں سے تنگ آ چکے ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں موجودہ حکومت کو عبرتناک شکست دیں گے۔ اسامہ حمزہ نے کہا کہ پاکستان کو درپیش سنگین بحرانوں سے صرف اور صرف ہمارے قائد عمران خان ہی ملک کو نکال سکتے ہیں، عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو ملک کو دوبارہ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوامی امنگوں کی ترجمان جماعت ہے اور عوام ایک بار پھر عمران خان کی قیادت میں حقیقی تبدیلی کے لیے متحد ہو چکے ہیں۔
