
جہلم (09 جنوری 2026): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "خوبصورت پنجاب” ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ضلع بھر میں جاری بیوٹیفیکیشن پراجیکٹس کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہر کے مختلف چوکوں کی ری ماڈلنگ، گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش اور سڑکوں کے کنارے شجرکاری کے منصوبوں پر کام کی رفتار کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام بیوٹیفیکیشن پراجیکٹس کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر تفریحی اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان منصوبوں کا مقصد نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا بھی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر انجینئرز اور پی ایچ اے کے عملے کو کام کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کا حکم دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں کسی بھی قسم کی تاخیر یا معیار پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پودوں کی باقاعدہ آبیاری اور چوکوں کی لائٹنگ کے نظام کو مستقل بنیادوں پر فعال رکھا جائے۔
اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق جہلم کو ایک ماڈل اور خوبصورت ضلع بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ سرکاری املاک اور پودوں کی حفاظت کر کے شہر کو خوبصورت بنانے میں انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں۔
