
جہلم (09 جنوری 2026): وزیر اعلیٰ پنجاب کے ڈیجیٹل گورننس ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں مارچ تک ای بز پورٹل پر سرکاری خدمات کی تعداد 310 تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا تاکہ شہریوں کو تمام سہولیات ایک ہی پلیٹ فارم پر میسر آ سکیں۔
چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے اجلاس کے دوران حکم دیا کہ یکم فروری سے ای بز پورٹل کی تمام سہولیات صرف آن لائن دستیاب ہوں گی اور کسی بھی درخواست گزار کو دفتری کام کے لیے دفتر آنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ صوبائی محکموں کی کامیابی کے بعد اب تمام فیلڈ دفاتر اور ذیلی اداروں کو بھی فوری طور پر ای فاس (e-FOAS) سسٹم پر منتقل کیا جائے تاکہ سرکاری امور میں شفافیت اور تیزی کو یقینی بنایا جا سکے۔
چیئرمین پی آئی ٹی بی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پورٹل پر اب تک 15 محکموں کی 210 خدمات فراہم کی جا رہی ہیں اور ساڑھے 14 ہزار سے زائد درخواستوں پر منظوری کا عمل ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے مکمل کیا جا چکا ہے۔ چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ سرکاری امور میں شفافیت اور عوامی سہولت کے لیے پنجاب حکومت کے یہ آئی ٹی اقدامات ملک بھر کے لیے ایک مثال ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اجلاس کے بعد ضلعی افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس انقلابی پروگرام کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے تمام محکمے اپنی خدمات کو فوری ڈیجیٹلائز کریں۔ انہوں نے کہا کہ یکم فروری سے نافذ ہونے والے نئے آن لائن نظام کی بھرپور تشہیر کی جائے تاکہ عام آدمی کو سرکاری دفاتر کے چکروں سے نجات مل سکے۔
