
جہلم۔ الخدمت فاؤنڈیشن کا تعلیمی مشن, نان فارمل سکولز کے لیے 90 بورڈز ڈپٹی کمشنر جہلم کے حوالے کر دئیے ۔ ڈپٹی کمشنر کا اظہار تشکر ۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری اور صدر الخدمت فاؤنڈیشن جہلم خبیب رضا بٹ کی جانب سے لیٹریسی نان فارمل سکولوں کے بچوں کے لیے ایک اہم فلاحی اقدام اٹھایا گیا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے 90 وائٹ بورڈز ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کو پیش کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق
گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ ایک مختصر تقریب کے دوران جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے وفد نے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری اور خبیب رضا بٹ نے ضلع بھر کے غیر رسمی (Non-Formal) تعلیمی مراکز کے لیے 90 بورڈز انتظامیہ کے سپرد کیے۔ڈپٹی کمشنر جہلم نے ان بورڈز کو فوری طور پر ڈی او لیٹریسی (DO Literacy) میمونہ انجم کے حوالے کر دیا تاکہ انہیں متعلقہ سکولوں میں نصب کیا جا سکے اور بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں میں حائل رکاوٹیں دور ہوں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے الخدمت فاؤنڈیشن کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی شمع روشن کرنے کے لیے فلاحی اداروں کا حکومت کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنا خوش آئند ہے۔ ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری نے عزم کا اظہار کیا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ضلع جہلم میں تعلیمی پسماندگی کے خاتمے اور غریب بچوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔تقریب کے اختتام پر ڈی او لیٹریسی میمونہ انجم نے ضلعی انتظامیہ اور الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ یہ سامان شفاف طریقے سے ضرورت مند مراکز تک پہنچا دیا جائے گا۔
