
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انورسے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن محفوظ پنجاب پر عملدرآمد جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب تسنیم علی خان اور ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ کی ہدایت پر دارالعلوم کریمیہ رضویہ، علامہ اقبال روڈ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سول ڈیفنس کی تربیتی ورکشاپ منعقد ہوئی، جس کی نگرانی سول ڈیفنس آفیسر محمود حسین گل نے کی۔ورکشاپ میں طلبہ کو سول ڈیفنس کی بنیادی مہارتوں سے روشناس کرایا گیا، جن میں PCDRC میں بطور والنٹیئر رجسٹریشن، بیسک لائف سپورٹ (BLS)، ایمرجنسی انخلاء کے طریقہ کار اور فائر فائٹنگ کی عملی تربیت شامل تھی۔ طلبہ نے عملی مشقوں اور سمیولیشنز کے ذریعے مختلف ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل دینا سیکھا۔اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر محمود حسین گل نے کہا کہ اس طرح کے تربیتی پروگرام نوجوانوں کو ہنگامی حالات میں خود حفاظتی اور امدادی سرگرمیوں کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کی تربیت نہ صرف طلبہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہے بلکہ معاشرے میں رضاکارانہ خدمات کے جذبے کو بھی فروغ دیتی ہے۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے طلبہ کی دلچسپی اور تربیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ آئندہ بھی سول ڈیفنس کے تربیتی پروگرامز کو مزید وسعت دے گی تاکہ نوجوان ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مستعد، باخبر اور تربیت یافتہ ہوں۔
