
تحریر وترتیب: محمد زاہد مجید انور
*کسی بھی علاقے کی ترقی کا اندازہ وہاں موجود سڑکوں کے معیار، سفری سہولت اور ٹریفک نظام سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ بہتر سڑکیں نہ صرف سفر کو آسان بناتی ہیں بلکہ معیشت، تجارت اور سماجی سرگرمیوں کو بھی نئی جہت عطا کرتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سڑکوں کی بہتری اور توسیع کے جاری منصوبے اسی ترقیاتی سوچ کا عملی مظہر ہیں۔ایم 4 سے ایم 3 موٹر وے تک زیر تعمیر ڈبل روڈ منصوبہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کا ایک اہم اور دور رس اثرات کا حامل منصوبہ ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف موٹر وے نیٹ ورک کو مؤثر انداز میں جوڑنے کا ذریعہ بنے گا بلکہ شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان سفر کے وقت میں نمایاں کمی کا باعث بھی بنے گا۔ ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ کا اس منصوبے کا تفصیلی دورہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کو محض کاغذی کارروائی نہیں بلکہ عملی ذمہ داری سمجھتی ہے۔دورے کے دوران ایکسین ہائی وے کی جانب سے منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور مقررہ ٹائم لائن سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایم 4 تا ایم 3 ڈبل روڈ منصوبہ جدید انجینئرنگ معیار اور منظور شدہ ڈیزائن کے عین مطابق تعمیر کیا جا رہا ہے۔ سڑک کی مضبوط بنیاد، معیاری میٹیریل اور جدید تکنیکی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ منصوبہ مستقبل کی ٹریفک ضروریات کو بھی پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔خصوصی طور پر شہری آبادی سے گزرنے والے حصوں میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے جدید انجینئرنگ اصولوں کے تحت یوٹرنز اور کٹ پوائنٹس کی تعمیر شامل کی گئی ہے۔ یہ اقدام نہ صرف ٹریفک کی روانی کو بہتر بنائے گا بلکہ حادثات میں کمی کا باعث بھی بنے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ منصوبے میں شولڈرز کی مضبوطی، واضح اور معیاری روڈ مارکنگ، جبکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ٹریفک سائن ایجز کی تنصیب بھی شامل ہے، جو محفوظ ڈرائیونگ کے لیے ناگزیر عناصر ہیں۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے موقع پر موجود افسران کو واضح اور سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کام کے معیار، رفتار اور سیفٹی اقدامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موسم میں بہتری کے ساتھ ہی منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ اسے مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت حکومت پنجاب کی پالیسی کا بنیادی جزو ہے اور اس اصول سے انحراف کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ بہتر اور معیاری سڑکیں کسی بھی علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیتی ہیں ایم 4 تا ایم 3 ڈبل روڈ منصوبے کی تکمیل کے بعد ٹوبہ ٹیک سنگھ اور اس کے گرد و نواح میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، کاروباری طبقے کو سہولت ملے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ کسانوں، تاجروں اور عام شہریوں کے لیے یہ سڑک ایک محفوظ اور تیز ترین سفری راستہ ثابت ہوگی۔آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جاری یہ ترقیاتی منصوبے محض سڑکوں کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک بہتر، محفوظ اور خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ اگر اسی جذبے، نگرانی اور شفافیت کے ساتھ یہ منصوبے مکمل ہوتے رہے تو وہ دن دور نہیں جب ٹوبہ ٹیک سنگھ کو پنجاب کے ترقی یافتہ اضلاع میں نمایاں مقام حاصل ہوگا، اور عوام کو وہ سہولیات میسر آئیں گی جن کے وہ حقیقی معنوں میں حقدار ہیں۔*
