
تحریر و تر تیب : ملک حسان قذافی
جہلم : ضلع جہلم میں عوامی خدمت، شفافیت اور گڈ گورننس کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، جس کا سہرا موجودہ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کے سر جاتا ہے۔ میر رضا اوزگن نے جب سے ضلع کی باگ ڈور سنبھالی ہے، انہوں نے اپنی انتھک محنت، پیشہ ورانہ قابلیت اور عوامی مسائل کے فوری حل سے شہریوں کے دل جیت لیے ہیں۔ ان کی قیادت میں ضلع جہلم میں نہ صرف انتظامی امور میں بہتری آئی ہے بلکہ میرٹ کی بالادستی کو ہر سطح پر یقینی بنایا گیا ہے، جو کہ ایک خوش آئند تبدیلی ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کی سب سے نمایاں خصوصیت ان کی "زیرو ٹالرینس پالیسی” ہے۔ انہوں نے کرپشن، اقربا پروری اور فرائض میں غفلت برتنے والے غیر ذمہ دار افسران کے خلاف سخت ترین موقف اختیار کر رکھا ہے۔ میر رضا اوزگن کا واضح پیغام ہے کہ سرکاری دفاتر میں صرف وہی رہے گا جو عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائے گا۔ ان کے اس سخت گیر اور شفاف اندازِ حکمرانی نے ضلع بھر کے محکموں میں جوابدہی کے تصور کو مضبوط کیا ہے، جس کے ثمرات براہِ راست عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں۔
ضلع کو "کلین اینڈ گرین جہلم” بنانے کے لیے ان کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔ شجرکاری مہم ہو یا شہر کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کا نظام، میر رضا اوزگن خود فیلڈ میں نکل کر ان کاموں کی نگرانی کرتے ہیں۔ اسی طرح صحت کے شعبے میں ان کی خصوصی دلچسپی کے باعث ضلعی ہسپتالوں کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ وہ اکثر و بیشتر ہسپتالوں کے اچانک دورے کرتے ہیں تاکہ ادویات کی فراہمی، صفائی اور ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنایا جا سکے۔ میر رضا اوزگن کی یہ متحرک شخصیت اور عوامی خدمت کا جذبہ ضلع جہلم کے روشن مستقبل کی نوید ثابت ہو رہا ہے۔
