
سٹی رپورٹر: سید کنول ضیاء
ملک کی بڑی فرنیچر مارکیٹوں میں شامل ٹیکسلا فرنیچر مارکیٹ، جہاں سے مانسہرہ، کشمیر، پشاور اور سوات سمیت کئی شہروں کو مال سپلائی ہوتا ہے، ایک انتہائی ناقص الیکٹرک پاور سسٹم کے باعث سنگین حفاظتی خطرات سے دوچار ہے۔ مارکیٹ میں کھمبوں پر بے شمار میٹر اور تاروں کا جال لٹکا ہوا ہے، جس میں تھری فیز میٹر بھی شامل ہیں، اور یہ منظر کسی بھی وقت بڑے شارٹ سرکٹ اور جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔ ماضی میں شارٹ سرکٹ کے واقعات رونما ہو چکے ہیں، اور یہ غیر محفوظ تنصیبات راہ گیروں کے لیے بھی مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔ شہریوں اور تاجروں نے واپڈا اور مارکیٹ مالکان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس ناقص نظام کو جدید حفاظتی معیار کے مطابق تبدیل کر کے کسی بھی بڑے سانحے کے امکان کو ختم کریں۔
