
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انورسے)پاکستان فرنیچر کونسل کے چیئرمین اور چیف ڈائریکٹر چن ون میاں محمد کاشف اشفاق کی عمان میں پاکستان کے سفیر برائے سلطنتِ عمان، ہز ایکسی لینسی سید نوید صفدر بخاری سے ملاقات ایک اعزاز کی بات ہے۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون اور بالخصوص فرنیچر و مینوفیکچرنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی اور بصیرت افروز گفتگو کی گئی۔اس موقع پر میاں محمد کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری میں عالمی معیار کی مصنوعات تیار کی جا رہی ہیں اور عمان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دے کر دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان فرنیچر کونسل کی جانب سے برآمدات بڑھانے اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔پاکستانی سفیر سید نوید صفدر بخاری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عمان میں پاکستانی مصنوعات خصوصاً فرنیچر کی برآمدات کے فروغ کے لیے سفارتخانہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں شخصیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان تجارتی، صنعتی اور سفارتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
