پنڈ دادنخان: اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین کا ٹی ایچ کیو ہسپتال کا معائنہ، طبی سہولیات کا جائزہ

پنڈ دادنخان (13 جنوری 2026): شہریوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان نادیہ پروین نے تحصیل ہیڈ کوارٹر (THQ) ہسپتال کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، آؤٹ ڈور اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان نادیہ پروین نے ہسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری کا ریکارڈ چیک کیا اور مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو حکم دیا کہ تمام مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی یقینی بنائی جائے اور طبی مشینری کو مکمل ورکنگ حالت میں رکھا جائے تاکہ مریضوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین نے وارڈز اور واش رومز کی حالت بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہسپتال کی صفائی اور طبی معیار کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات ڈیلی بیسز پر کیے جائیں اور مریضوں کو درپیش دیگر مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان نادیہ پروین نے زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے ہسپتال کے عملے کے رویے اور دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو پابند کیا کہ روزانہ کی بنیاد پر معائنے کے عمل کو جاری رکھا جائے گا تاکہ ہسپتال کے نظم و ضبط میں مزید بہتری لائی جا سکے اور شہریوں کو علاج معالجے میں کوئی دقت پیش نہ آئے۔
