پیرا انفورسمنٹ اسٹیشن جہلم میں نئی بھرتیوں کے لیے جسمانی آزمائش (فزیکل ٹیسٹس) کا انعقاد

جہلم رپورٹ ملک حسان قذافی (08 جنوری 2026): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر پیرا انفورسمنٹ اسٹیشن جہلم میں نئی بھرتیوں کے لیے جسمانی آزمائش (فزیکل ٹیسٹس) کا انعقاد کیا گیا۔ ان ٹیسٹس کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبین، اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبدالسمیع شیخ اور اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر نے ایس ڈی ای او شاہد ممتاز اور ڈی ایس پی شہباز ہنجرا کے ہمراہ کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبین نے تمام مراحل کا خود معائنہ کیا اور سختی سے ہدایت کی کہ شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت مقدم رکھا جائے تاکہ صرف حق دار امیدوار ہی منتخب ہو سکیں۔

جسمانی آزمائش کے ان مقابلوں میں مرد اور خواتین دونوں امیدواروں نے بھرپور شرکت کی، جن میں دوڑ اور دیگر جسمانی معیارات کو جانچا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبدالسمیع شیخ نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام بھرتیوں کو مکمل طور پر قابلیت کی بنیاد پر یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے امیدواروں کے نظم و ضبط کی تعریف کی اور واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی سفارش یا دباؤ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ایس ڈی ای او شاہد ممتاز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام مراحل کڑی نگرانی میں مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ رزقِ حلال کی تلاش میں نکلنے والے نوجوانوں کا حق انہیں ضرور ملے گا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبین نے اس کامیاب انعقاد پر ٹیم اور ڈی ایس پی شہباز ہنجرا کی جانب سے فراہم کردہ حفاظتی و انتظامی تعاون کو سراہا۔ ضلعی انتظامیہ جہلم نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔
