
(ٹیکسیلا – بیورو چیف سرعام طاہر محمود) پاکستان ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (HIT) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل شاکر اللہ خٹک نے بنگلادیش آرمی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور بنگلادیش آرمی چیف سے ایک تفصیلی ملاقات کی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنا تھا۔ اس اہم ملاقات کا مرکزی نقطہ بنگلادیش آرمی کے لیے بھاری وہیکلز کی اپ گریڈیشن سے متعلق تھا، جس میں خاص طور پر ان کی افواج میں شامل 40 ٹائپ-59 اور 58 ٹائپ-69 ٹینکوں کی مجوزہ اپ گریڈیشن پر تفصیلی غور کیا گیا۔ HIT کے چیئرمین نے بنگلادیش آرمی چیف کو پاکستان کی جدید ٹینک سازی کی صلاحیتوں اور تجربے سے متعلق بریفنگ دی، چونکہ HIT الخالد مین بیٹل ٹینک اور اگلی نسل کے حیدر ٹینک کی تیاری جیسے بڑے منصوبوں میں مہارت رکھتی ہے۔ دفاعی تعلقات کو وسعت دینے کی جانب اس ملاقات کو ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

